اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

سری لنکا کا برقع پر پابندی اور اسلامی اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

کولمبو: سری لنکا نے ملک میں مسلمان خواتین کے برقع پہننے پر پابندی عائد کرتے ہوئے ایک ہزار اسلامی اسکول بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے پبلک سیکیورٹی کے وزیر سراتھ ویرا سیکارا نے پریس کانفرنس میں برقع پر پابندی اور مدارس پر پابندی لگانے کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدا میں مسلمان خواتین برقع نہیں پہنتی تھیں لیکن اب برقع مذہبی انتہا پسندی کی علامت ہے اور اس پر جلد پابندی لگانے والے ہیں۔

سری لنکن وزیر نے کہا کہ مدارس بند کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، نئی قومی تعلیمی پالیسی کے بعد سری لنکا میں کوئی اپنا اسکول نہیں کھول سکے گا۔

سری لنکا کی جانب سے مدارس پر پابندی کے باعث ایک ہزار سے زائد اسلامک اسکول بند کیے جائیں گے۔

سری لنکن وزیر نے بتایا کہ پابندی کی دستاویزات پر دستخط کردیے ہیں جس کی اب کابینہ سے منظوری لی جائے گی جبکہ یہ پابندی قومی سلامتی کے تحت عائد کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سری لنکا میں کورونا سے مرنے والے مسلمانوں کی لاشوں کو جلانے کے حکم نامے کو وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر واپس لیا گیا تھا، سری لنکا میں ایسٹر پر چرچ اور ہوٹلوں میں حملے کے بعد مسلمانوں کو سخت پابندیوں اور مشکلات کا سامنا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں