جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

سری لنکن رکن پارلیمنٹ کا اپنی ہی ٹیم پر میچ فکسنگ کا الزام، بورڈ متحرک

اشتہار

حیرت انگیز

سری لنکا کے رکن پارلیمنٹ نے نیا پینڈورا باکس کھولتے ہوئے اپنی ہی ٹیم پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کردیا ہے جس کے بعد کرکٹ بورڈ حرکت میں آگیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے رکن پارلیمنٹ نے کرکٹ میں میچ فکسنگ کا نیا پینڈورا باکس کھولتے ہوئے اپنی ہی ٹیم پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا ہے۔ جس کے بعد سری لنکا کا کرکٹ بورڈ حرکت میں آگیا اور تحقیقات کے لیے آئی سی سی کو مدعو کرلیا ہے۔

سری لنکا کے حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان نلین بندارا نے گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر رواں سال پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں گال ٹیسٹ کے فکس ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ٹیم جان بوجھ کر میچ ہاری تھی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ اپنی ٹیم پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کیے جانے کے بعد حرکت میں آگئی ہے اور اس نے تحقیقات کے لیے آئی سی سی کو مدعو کرلیا ہے۔

بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے انسداد بدعنوانی کے سربراہ ایلکس مارشل سے کہا ہے کہ وہ سری لنکا کا دورہ کریں اور اس الزام کی تحقیقات کریں، جس نے ان کی ساکھ کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق وہ کرکٹ میں راست بازی کے لیے پرعزم ہے اور سمجھتا ہے کہ آئی سی سی سے تحقیقات کروانا حالیہ الزامات کی روشنی میں درست طریقہ کار ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی جو ایک ایک سے برابر رہی تھی۔

گال میں کھیلے گئے سیریز کے ابتدائی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو بڑا ہدف حاصل کرکے تاریخی شکست سے دوچار کیا تھا۔

اس میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی ٹیم نے کپتان بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کی عمدہ بیٹنگ کے باعث حاصل کرکے میچ میں چار وکٹوں سے فتح سمیٹی تھی۔

عبداللہ شفیق نے اس میچ میں شاندار سنچری اسکور کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں