آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی سری لنکن ٹیم کے بلے باز دانشکا گوناتھیلا کو خاتون سے زیادتی کے الزام میں سڈنی سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق گوناتلاکا جو انجری کے باعث ورلڈ کپ میچز سے باہر ہوگئے تھے ان پر آسٹریلیا کی ایک 29 سالہ خاتون نے زیادتی کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد انہیں سڈنی سے گرفتار کیا گیا ہے اور پولیس کھلاڑی سے تفتیش کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے خاتون کی درخواست پر دانشکا گوناتھیلاکا کو ہوٹل کے کمرے سے حراست میں لیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق خاتون کا کچھ دن قبل ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے کرکٹر سے رابطہ ہوا تھا، خاتون نے الزام لگایا کہ 2 نومبر کو دانشکا گوناتھیلاکا نے انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
گرفتار سری لنکن کھلاڑی کو سڈنی کے سٹی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے، انہیں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔