لاہور : سری لنکن ٹیم کو لاہور میں خوش آمدید کہنے کے لئے جا بجا بینرز سجا دئیے گئے، سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی سری لنکن ٹیم کو خوش آمدید کہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹونٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کھیلنے کے لیے سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچنے والی ہے، سری لنکن ٹیم کی آمد کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم سمجھا جارہا ہے۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لئے شہر میں جابجا کھلاڑیوں کی تصاویر لگا دی گئی جبکہ شہر میں خیر مقدمی بینرز کی بھی بہار دکھائی دے رہی ہے، ٹریفک روٹس اور پارکنک سے متعلق شہریوں کی آگاہی کے لئے بھی مخلتف مقامات پر پینا فلیکس لگائی گئی ہیں۔
اس حوالے سے سابق کپتان محمد حفیظ بھی لاہور میں تیسرے ٹی ٹوئنٹی کیلئے پرجوش ہیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ’’ سری لنکن ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید، شائقین زیادہ سے زیادہ میچ دیکھنے کیلئے گراؤنڈ آئیں، پاکستان سری لنکا کی میزبانی کیلئے تیار ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عوام کرکٹ سے پیار کرتی ہے‘‘۔
Heartiest welcome to @OfficialSLC to Pakistan , lovely ppl & friends forever , Pakistan is ready to host U all with warm hospitality as always
— Mohammad Hafeez (@MHafeez22) October 28, 2017
علاوہ ازیں چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ قوم کی دعاؤں کی بدولت ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئی ہے، خوف کے سائے چھٹنے لگے ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے آہستہ آہستہ کھلنا شروع ہوگئے۔
سری لنکن ٹیم بھی کچھ گھنٹوں بعد پاک سرزمین پر قدم رکھے گی، چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سال دوہزار پندرہ میں شائقین کرکٹ کو پہلی خوشی ملی۔ زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا۔
دوہزار سترہ میں پاکستان سپر لیگ کا سپر فائنل لاہور میں ہوا جس میں غیرملکی اسٹارز جگمگائے، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی نےشائقین کے دل جیت لئے۔
ستمبر میں ورلڈ الیون نے پاکستان میں انٹری دی تو شائقین نے بھی خوب ویلکم کیا، اب سری لنکن اسٹارز لاہور میں خوشیاں بکھیرنے آرہے ہیں، سب کچھ تیار ہے شائقین بھی بے قرار ہیں۔