کولمبو: سری لنکن کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد سری لنکا کا دورہ انگلینڈ خطرے میں پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے 38 کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکار کردیا، کھلاڑی راضی نہ ہوسکے تو ٹیم کے بدھ کو انگلینڈ جانے میں تاخیر ہوجائے گی۔
رپورٹ کے مطابق کوشل پریرا، کرونا رتنے، اینجلو میتھیوز، دھننجیا ڈی سلوا، دنیش چندی مل، کسال مینڈس، نروشن ڈک ویلا، سرنگا لکمل، دسن شناکا، ہسارنگا ودیگر کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکار کیا ہے۔
سری لنکن کرکٹرز کا کہنا ہے کہ جس طریقے سے کنٹریکٹ کے درجات کو تقسیم کیا گیا ہے اس میں شفافیت کی کمی ہے، سینئر کھلاڑیوں کے معاوضے کو کم رکھا گیا ہے۔
سری لنکن کھلاڑیوں کے وکیل نشان پریم تھرتنے نے کہا کہ کھلاڑی نامناسب اور غیرشفاف کنٹریکٹ پر دستخط کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور سری لنکن کرکٹ بورڈ سے کھلاڑیوں سے بندوق کی نوک پر دستخط کرانے یا کھلاڑیوں کو الٹی میٹم نہیں دینے کی گزارش کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ سابق کرکٹر اروندا ڈی سلوا کی سربراہی میں تکنیکی کمیٹی اور ایس ایل سی کے نئے ڈائریکٹر کرکٹ ٹام موڈی نے تیار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ون ڈے سیریز میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 2-1 سے شکست دی تھی۔