سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں68 روز سے جاری کرفیو کے باوجود کشمیریوں نے احتجاج کیا اور نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے، فضا آزادی کے نعروں سے گونج اٹھی، کشمیریوں نے حمایت کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوکا آج 68 واں دن ہے، مسلسل کرفیو کے باعث مختلف علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا اور دواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
مقبوضہ وادی میں کشیدگی برقرار ہے، بھارت مخالف مظاہرے روکنے کیلئے انتظامیہ نے ہندواڑہ، کپواڑہ،سوپور سمیت متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کرفیو کے باوجود کشمیریوں نے احتجاج کیا اور نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی فوج کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے وزیر اعظم کی حمایت میں نعرے لگائے اورکشمیریوں نے حمایت کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر فضا کشمیر بنے گ اپاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی، اس کے علاوہ پلوامہ، شوپیاں، بڈگام، گاندر بل اور دیگر مقامات پر کشمیریوں نے احتجاج کیا۔
کئی مقامات پر کشمیریوں اور قابض بھارتی فورسز میں چھڑپیں ہوئیں ،قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں پر فائرنگ کی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔