بالی وڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی مشہور ساڑھیوں کو 10 اکتوبر کے روز نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا جس کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سری دیوی بالی وڈ کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اداکارہ رہیں جنہیں آج بھی مداح یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے فلم نگری میں 15 سال کے وقفے کے بعد گوری شندے کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’انگلش ونگلش‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
فلم نے باکس آفس پر اچھا بزنس کیا۔ دیکھنے والوں کو فلم میں سری دیوی کی ساڑھیاں پسند آئیں اور ان کے خوب چرچے ہوئے۔
5 اکتوبر 2012 کو ریلیز ہونے والی اس ’انگلش ونگش‘ کو آج 10 برس مکمل ہو چکے۔ فلم کی ٹیم نے اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا ہے جہاں سری دیوی کے زیرِ استعمال خوبصورت ساڑھیوں کی نیلامی کی جائے گی۔
نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے والے ایک فلاحی ادارے کو دیا جائے گا۔
نیلامی کے حوالے سے گوری سندے کا کہنا ہے کہ میں نے اتنے سالوں سے وہ مشہور ساڑھیاں سنبھال کر رکھی ہیں، ہم فلم کو 10 سال مکمل ہونے پر اس کا جشن منائیں گے، 10 اکتوبر کو ممبئی کے شہر اندھیری میں فلم کو بڑی اسکرین پر دکھایا جائے گا۔