کولمبو: سری لنکا نے ملک میں معاشی بحران کے خلاف احتجاجی مظاہروں پر قابو پانے کے لیے سوشل میڈیا سائٹس کے خلاف انتہائی قدم اٹھالیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا نے فیس بک، یوٹیوب، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو بلاک کردیا ہے، یہ اقدام دفاعی حکام کے احکامات کئے گئے، جس کے بعد انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کیا۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر اور فیس بک پر کئی دنوں سے حکومت مخالف ہیش ٹیگس گو ہوم راج پکساس اور گوٹا گو ہوم ٹرینڈ کر رہے ہیں۔سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے باعث عوام حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور پورے سری لنکا میں تشدد اور فسادات پھوٹے ہوئے ہیں، احتجاجی مظاہروں پر قابو پانے کے لیے دو روز قبل صدر گوتبایا راجا پکسے نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی جو اب کرفیو میں تبدیل کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکن حکومت نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی
دوسری جانب پولیس نے ایک سوشل میڈیا صارف کو مبینہ طور پر ایسا مواد پوسٹ کرنے پر گرفتار کیا تھا جس سے امن عامہ کا مسئلہ بن سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ان دنوں سری لنکا کو زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سامنا ہے، سری لنکا کی حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بیل آؤٹ پیکج کے لیے رابطے میں ہے۔