کراچی: سی این جی صارفین کا انتظار مزید بڑھ گیا، سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز اب جمعہ کی بجائے اتوار کو کھلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے جمعہ کی صبح 8 بجے سی این جی اسٹیشنز نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اب سی این جی سیکٹر کو گیس اتوار کی صبح 7 بجے سے 12 گھنٹے کے لیے بحال کی جائے گی۔
ایس ایس جی سی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف گیس فیلڈز سے 35 تا 40 ایم ایم سی ایف ڈی کم مل رہی ہے، گیس کی کم مقدار کے سبب لائن پیک سخت متاثر ہے جبکہ انتہائی کم پریشر کی وجہ سے کمپنی کو گھریلو صارفین کو گیس پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے سی این جی نہ ملنے پر ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایس ایس جی سی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی سی اسٹیشنز جمعہ کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: سی این جی ڈیلرز کی حکومت کو ایک ہفتے کے بعد اسلام آباد میں دھرنا کی دھمکی
یاد رہے کہ 4 جنوری کو سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ صورتحال تبدیل نہ ہوئی تو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔
سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبد السمیع خان نے کہا تھا کہ سی این جی کی عدم فراہمی کو بیس دن ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے متعدد ٹرانسپوٹرز گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں ، دھرنے میں شرکت کے حوالے سے ٹرانسپوٹروں کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔
خیال رہے شدید سردی میں گیس کا بحران شدید ہوگیا ہے جبکہ گھریلو صارفین شدید مشکل میں ہیں، کراچی سمیت سندھ میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی بند ہے۔