اسلام آباد: سندھ میں عام صارفین کو گیس کیوں میسر نہیں؟ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم میں ہوشربا انکشافات سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر عبد القادرکی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سندھ میں عام صارفین کو گیس ملنے کی مشکلات کی بازگشت سنائی دی گئی۔
دوران اجلاس گیس حکام نے ہوشربا انکشاف کیا کہ سندھ میں صنعتوں میں بڑے کمپریسر نصب ہیں ان کمپریسر کی وجہ سے عام صارفین کو گیس ملنےمیں مشکلات ہیں۔
ایس ایس جی سی حکام نے بتایا کہ سوئی سدرن کو جب مشکلات آئیں تو کارخانوں کو بھی گیس نہیں مل رہی تھی،اس وجہ سے کارخانوں نے کمپریسراستعمال کیےاور صارفین کو گیس پریشرمیں کم آئی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: گیس کی عدم فراہمی پر شہریوں کا پارہ ہائی، دھرنا دے دیا
حکام ایس ایس جی سی نے بتایا کہ معاملہ سامنے آیا تو فوری کارروائی کی اور 278 صارفین کے کنکشن کاٹ دئیے، جنوری دو ہزار بائیس میں 179 غیر قانونی بوسٹر تھے جو کہ ایک ماہ میں کم ہوکر 99 رہ گئے، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
حکام ایس ایس جی سی نے بتایا کہ یہ تمام اقدامات گیس پریشر کی وجہ سے اٹھائے گئے وجہ یہ ہے کہ سردی میں 300 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد کا شارٹ فال ہوتا ہے۔