کراچی: ایس ایس پی سینٹرل نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر 23سالہ اسامہ کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے تشکیل دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پاورہاؤس چورنگی پر23سالہ اسامہ کی ڈکیتی مزاحمت پر ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی سینٹرل نے کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی میں ڈی ایس پی گلبرگ،ایس ایچ اوسرسیداوردیگرشامل ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل مقتول اسامہ کے گھربھی تعزیت کیلئےگئے اور اہلخانہ کو قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اسامہ کی ہلاکت کامقدمہ درج کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کراچی کے علاقے پاور ہاؤس کے قریب نوجوان اسامہ کو موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت کرنے پر سر میں گولی ماری گئی تھی۔
نوجوان کو طبی امداد کے لیے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا تو کہا گیا دوسرے اسپتال لے جائیں، ورثا شدید زخمی اسامہ کو دوسرے اسپتال لےکرگئے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اسامہ کے بھائی نے بتایا حافظ اسامہ 6 بھائیوں میں سب سے چھوٹا اورلاڈلا تھا، دن میں معذور والد کی خدمت اوررات کو نوکری کرتا تھا۔