کراچی : ایس ایس پی راؤ انوار کی معطلی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی گئی ہے، ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے اپنی معطلی کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما اور رکن اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کے بعد معطل ہونے والے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی معطلی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی گئی ہے، جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل دو رکنی بینچ کچھ دیر میں درخواست کی سماعت کرے گا۔
اس سے قبل ایس ایس پی راؤ انوار آج اپنے وکیل کے ہمراہ سندھ ہائی کورٹ پہنچے اور اپنی معطلی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا، ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ میری معطلی غیر قانونی ہے، مجھے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کو گرفتار کرنے پر معطل کیا گیا، خواجہ اظہار کی گرفتاری قانون کے عین مطابق تھی، گرفتاری کو جواز بنا کر معطل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : پولیس کے ہاتھوں خواجہ اظہار گرفتار، ایس ایس پی راؤ انوار معطل
درخواست میں کہا گیا ہے کہ رکن اسمبلی کی گرفتاری کے لئے اسپیکر سے پیشگی اجازت بھی ضروری نہیں بلکہ صرف اطلاع دینا ہی کافی ہے۔
عدالت سے استدعا ہے کہ مجھے میرے عہدے پر بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ ایس ایس پی ملیر کو جمعے کے روز سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معطل کیا تھا۔