کراچی: سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ اور ایس بی سی اے میں مختلف الاؤنسز میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں محکمہ بلدیات کے اداروں میں 22 کروڑ روپے سے زائد کی بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے بغیر منظوری کے یوٹیلیٹی الاؤنس کی ادائیگی کی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ انتظامیہ نے 4 کروڑ 80 لاکھ کی رقم یوٹیلیٹی الاؤنس میں خرچ کیے، جب کہ ایس بی سی اے انتظامیہ نے بغیر منظوری کے 17 کروڑ 40 لاکھ روپے یوٹیلیٹی الاؤنس میں ادا کیے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی الاؤنس کی بغیر منظوری ادائیگی مالی بے ضابطگیوں میں شمار ہوتی ہے، اس پر اکتوبر 2023 میں انتظامیہ سے جواب مانگا گیا تھا، تاہم یاد دہانیوں کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
آڈٹ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے یوٹیلیٹی الاؤنس فوری بند کیے جائیں، اور بغیر منظوری ادا کی گئی رقم ریکور کی جائے۔