لاڑکانہ : شادی کی تقریب میں گلوکارہ ثمینہ سندھو گزشتہ روز گولی لگنے سے ہلاک ہوگئی تھی، واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آگئی، مقتولہ کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ اسے قتل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے گاؤں کنگا میں گزشتہ روز شادی کی تقریب میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی اسٹیج سندھی گلوکارہ ثمینہ سندھو کے لوحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ ثمینہ کو قتل کیا گیا ہے، ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
واقعے کی ویڈیو اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹیج پر پرفارمنس کے دوران گلوکارہ اپنے فن کا مظاہرہ کرہی تھی اور لوگ نوٹ نچھاور کر رہے تھے کہ گولی لگنے سے اچانک گر جاتی ہے، ویڈیو سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ یہ ہوائی فائرنگ نہیں تھی، جس کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
یاد رہے کہ مقتولہ ثمینہ پانچ ماہ کی حاملہ تھی، لواحقین نے ثمینہ کی لاش پریس کلب کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا، اس موقع پر مظاہرین نے انصاف کی فراہمی کیلئے شدید نعرے بازی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ گلوکارہ سے کھڑے ہوکر گانے کی فرمائش کی اور پھر گولی مار دی گئی، اس حوالے سے لاڑکانہ پولیس کا کہنا ہے کہ گولی ہوائی فائرنگ کے دوران لگی جبکہ ثمینہ کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ اسے منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا ہے، پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ کرنے والے دوملزمان گرفتارکرلیے گئے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔