پچھلے زمانے میں کسی بھی قسم کے لین دین کیلئے سادہ سے کاغذ پر تحریری بیان لکھا جاتا تھا جس کی بہت اہمیت ہوا کرتی تھی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ لوگوں نے اس کا غلط استعمال شروع کردیا۔
اسٹامپ پیپر اسٹامپ ڈیوٹی ریاست نے اس وجہ سے لگائی ہے کہ آپ مالیاتی کوئی بھی لین دین کریں گے تو اس میں سے بذریعہ اسٹامپ پیپر سرکارکو مناسب سی رقم ادا کریں گے۔
مثال کے طور پر اگر آپ کوئی جگہ خریدرہے ہیں تو فروخت کا معاہدہ بھی کریں گے اس کے لئے اقرار نامہ معاہدہ بیع اسٹامپ ڈیوٹی کی مد میں آپ ریاست کو ایک مخصوص رقم ادا کریں گے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر قانون ایڈوکیٹ صوفی امداد سومرو نے اسٹامپ پیپر کی قانونی حیثیت پر روشنی ڈالی اور اس کے فوائد سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹامپ پیپر کا مقصد ہے کہ آپ نے اپنے معاملات میں ریاست کو شامل کیا اب ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ آپ کو قانونی تعاون فراہم کرے، حکومت کو کسٹم کے بعد سب سے زیادہ جو ریوینیو ملتا ہے وہ اسٹامپ پیپرز کی مد میں ملتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹامپ پیپر دو قسم کے ہوتے ہیں ایک جوڈیشل اور دوسرا نان جوڈیشل، جوڈیشل پیپر کسی بھی معاہدے یا عدالتی بیان کیلئے ضروری ہے اور نان جوڈیشل پیپر سیل ایگریمنٹ اور کرایہ نامہ وغیرہ کیلئے استعمال ہوتا ہے۔
ایڈوکیٹ صوفی امداد سومرو نے بتایا کہ ہر اسٹامپ پیپر کی خاص مدت ہوتی ہے جس کے بعد اس کی میعاد ختم ہوجاتی ہے لہٰذا اسے خریدتے ہوئے اس کی تاریخ دیکھنا لازمی ہے۔