کراچی: اسٹار فٹبالر اور بارسلونا کے سابق کپتان کارلوس پیول نے کراچی میں پاکستان سپرلیگ کا فائنل دیکھنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹبالر کارلوس پیول کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھیں گے، ملک میں انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی پر نیک تنماؤں کا اظہار بھی کیا۔
کارلوس پیول کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آرہی ہے بہت جلد انٹرنیشنل فٹبال بھی پاکستان میں ہوگی۔
اسٹار فٹبالر پی ایس ایل فائنل کے دوران ورلڈ ساکراسٹارز کی ٹکٹوں کی فروخت کا بھی آغاز کریں گے۔انہوں نے ملک میں انٹرنیشنل فٹبال کے لیے بھی روشن مستقبل کی نوید سنائی ہے۔
دوسری جانب صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا فائنل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا، کہتے ہیں کہ اگلا پی ایس ایل پاکستان میں ضرور ہوگا۔
یہ بات انہوں نے گذشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی بھی موجود تھے۔
پی ایس ایل فور کا فائنل دیکھنے ضرور آؤں گا، صدرعارف علوی
خیال رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کے دوسرے ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 48 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، فائنل میں زلمی کا مقابلہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔