کراچی : شہر قائد میں جدید ترین الیکٹرک بسوں کی ٹیسٹ ڈرائیو کا آغاز ہوگیا ، کچھ دنوں بعد یہ بسیں پورے شہر میں چلائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی والوں کیلئے خوشخبری آگئی، اب شہر کی سڑکوں پر الیکٹرک بسیں دوڑیں گی۔
کراچی میں جدید ترین الیکٹرک بسوں کی ٹیسٹ ڈرائیو کا آغاز ہوگیا، اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایک ہفتے تک ٹیسٹ ڈرائیو جاری رہے گی، جس کے بعد روٹ فائنل کیے جائیں گے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ آج سے ماحول دوست بسوں کا ٹیسٹ رن شروع کر رہے ہیں کچھ دنوں بعد یہ بسیں پورے شہر میں چلائی جائیں گی اور پھر اس کا نیٹ ورک پورے سندھ میں لے کر جائیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل حل ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سولر انرجی لارہے ہیں سولر کے ذریعے بسیں چارج ہوں گی ، سولرسینٹر بنائے جائیں گے، پیپلزپارٹی کا جو وعدہ ہے اسے آگے بڑھایا جائے گا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اورنج لائن کا کرایہ بھی 25 سے 50 روپے تک رکھا تھا اور پیپلزبس سروس میں بھی 25 سے 50 روپے تک رکھےتھے، لانگ روٹ کیلئے کرایہ 100 روپے تک بڑھتا ہے لیکن الیکٹرک بس کا کرایہ باقی بسوں سےکم ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو تباہی اور ہم ترقی کے دوراہے پر لیکر جا رہے ہیں، اب تک کراچی میں 50 الیکٹرک بسیں پہنچ چکی ہیں، انشااللہ الیکٹرک بس کا پہلا پلانٹ کراچی میں لگاؤں گا۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مختلف کمپنیزسےبات چیت چل رہی ہے، ہمارا گول ہےکہ دنیا کی بڑی کمپنیزکراچی میں آکرپلانٹ لگائیں، تمام ادارے ملکر سندھ اورکراچی کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔