جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

2 سال سے جانوروں کے ساتھ بندھا ہوا بچہ بازیاب کرلیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

نائیجیریا میں ایک 12 سالہ بچے کو، جسے اس کے والدین نے جانوروں کے ساتھ 2 سال تک باندھ کر رکھا تھا، ریسکیو ٹیم کی جانب سے بازیاب کرلیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ریسکیو ٹیم بچے کو بچانے پہنچی تو وہ فاقوں کا شکار تھا اور لکڑی کے ایک ستون سے بندھا ہوا تھا، بچہ بمشکل کھڑا ہو پارہا تھا۔

مذکورہ گھر میں باپ، اس کی 3 بیویاں اور 17 بچے رہائش پذیر تھے جو آرام سے گھر کے اندر رہ رہے تھے۔ 12 سالہ بچے کو 2 سال سے جانوروں کے ساتھ شیڈ میں باندھ کر رکھا گیا تھا اور وہ صرف بکری کے دودھ پر زندہ تھا۔

بچے کی ماں 2 سال قبل دار فانی سے کوچ کرگئی تھی، ریسکیو ٹیم ایک گمنام اطلاع پر بچے تک پہنچی تھی۔

ٹیم کے چھاپے کے بعد بچے کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کرلیا گیا، ریسکیو ٹیم کے ترجمان کے مطابق بچے کو 2 سال تک باندھنے کے جرم میں اس کے والد اور تینوں سوتیلی ماؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے گھر کے تمام افراد سے تفتیش کی جارہی ہے۔

ترجمان کے مطابق دوران تفتیش بچے کے سب سے بڑے سوتیلے بھائی نے دعویٰ کیا کہ بچہ مرگی کا شکار تھا اور گھر والوں نے اسے کہیں کھو جانے سے بچانے کے لیے وہاں باندھ رکھا تھا۔

اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ بچے کی مرگی کے علاج کے لیے گھر اور ایک گاڑی بھی فروخت کی جاچکی ہے۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق بچے کی حالت بتدریج بہتر ہورہی ہے اور جلد وہ نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہوجائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں