کراچی : گورنر اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ خصوصی افراد کو ساڑھے5سال کیلئے15لاکھ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا، قرضہ جات پر مالیاتی اداروں کو اسٹیٹ بینک کی ضمانت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے خصوصی افراد کیلئے رعایتی قرضوں کی سہولت دینے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معذور افراد کی مشکلات اور اُن کی تکالیف کا احساس کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک نے ترجیحی شعبے کی ترقی کو پیشِ نظر رکھ کر خصوصی افراد کے لیے ایک اسکیم پر نظر ثانی کی ہے۔
اسپیشل افراد کو کارآمد شہری بنانے کیلئے پالیسی بنائی ہے، طارق باجوہ نے یہ اعلان خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور پر قومی اسمبلی کی مجلسِ قائمہ کے ساتویں اجلاس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد ساڑھے5سال کیلئے15لاکھ روپے تک قرض حاصل کر سکتے ہیں، خصوصی قرضے پر مالیاتی اداروں کو اسٹیٹ بینک کی ضمانت ہوگی۔
مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک کے ذخائر8ارب 12کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے
اس حوالے سے ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ قرضے کی اس سہولت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پاکستان میں خصوصی افراد کے سماجی و معاشی حالات بہتر بنائے جائیں۔