کراچی : مال گاڑیوں کے ساتھ لگنے والی اسٹیٹ آف دی آرٹ ویگنیں چین سے پاکستان کیلئے روانہ کردی گئیں جو پیر کے روز پاکستان پہنچیں گی۔
اس حوالے سے پاکستان ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ 70کی تعداد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ویگنیں16جنوری کو کراچی پہنچیں گی۔
ریلوے حکام کے مطابق رواں سال مارچ مزید130ویگنیں ریلوے کے نظام میں شامل ہوجائیں گی، ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی معاہدے کےتحت باقی620ویگنیں پاکستان میں بنیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مینوفیکچرنگ سے قومی خزانے کا پیسہ بچےگا اور روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے، نئی ویگنوں سے ریلوے کی آمدنی میں سالانہ ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا اضافہ متوقع ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق موجودہ ویگنیں 60 ٹن وزن کے ساتھ80کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جبکہ 70ٹن وزن کے ساتھ 100کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے چلنے کی صلاحیت ہے۔