کراچی : فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی مریم ثاقب کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی کو اسکول چھوڑنے جارہا تھا کہ اچانک فائرنگ کی آواز سن کر پیچھے مڑ کر دیکھا تو بیٹی خون میں لت پت تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بفرزون میں فائرنگ سے 7 سالہ مریم ثاقب کے جاں بحق ہونے کا معاملے پر تیموریہ پولیس نے واقعے کے عینی شاہد مریم کے والد ثاقب کا بیان لے لیا۔
والد نے بتایا کہ مریم ثاقب کو کار میں اسکول چھوڑنے جارہا تھا کہ اچانک فائرنگ کی آواز سن کر پیچھے مڑ کر دیکھا تو کار کی پچھلی سیٹ پر بیٹی خون میں لت پت تھی۔
مریم کے والد کے بیان کے مطابق مسلح ملزمان فائرنگ کے بعد بھاگتے ہوئے دیکھے گئے، ممکنہ طورپرنامعلوم افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہورہا تھاکہ مریم ثاقب فائرنگ کی زد میں آگئی۔
ایس ایس پی سینٹرل نے کہا کہ بفرزون میں روڈ کی دوسری جانب سےگولی 7سالہ مریم کو لگی، جائے وقوعہ اور اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی فوٹیجز تلاش کر رہے ہیں، جائے وقوعہ پرگولیوں کے خول بھی ڈھونڈ رہے ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ واقعاتی شواہد کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔