کراچی : پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین نے بن قاسم ریلوے ٹریک پر 10 گھنٹے سے جاری احتجاجی دھرنا ختم کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیل ملز ملازمین اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے, بن قاسم ریلوے ٹریک پر کئی گھنٹوں سے جاری دھرنا اسٹیل ملز ملازمین نے ڈپٹی کمشنر کی یقین دہانی پر ختم کردیا۔
قبل ازیں ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر ملیر نے مظاہرین سے مذاکرات کیے، مذاکرات کی کامیابی کے بعد اسٹیل ملز ملازمین نے 10 گھنٹے سے جاری اپنا احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعلیٰ سندھ کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کررہے ہیں۔
اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا مطالبہ تھا کہ 6 ہزار ملازمین کو ملازمتوں پر بحال کیا جائے، اور اسٹیل ٹاؤن میں بجلی گیس بحال کی جائے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے 9 اپریل کو مذاکرات کیلئے ملازمین کو سی ایم ہاؤس بلایا ہے، اسٹیل ملز ملازمین نے بن قاسم ریلوے ٹریک پر 10گھنٹوں سے دھرنا دے رکھا تھا۔
ریلوےٹریک پر دھرنے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت شدید متاثر تھی، وزیر ریلوے نے وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرکے ٹریک کی بحالی کی درخواست کی تھی۔
مزید پڑھیں : اسٹیل مل کے برطرف ملازمین کا دھرنا، ریلوے ٹریک مکمل بند
واضح رہے کہ احتجاجی دھرنے کے باعث کراچی سے پاکستان کے مختلف شہروں کو جانے اور آنے والی ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوگئی تھی جس کے باعث لانڈھی اسٹیشن پر مسافروں نے احتجاج بھی کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا، احتجاجی دھرنے میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی تاہم اب مظاہرین منتشر ہوگئے ہیں۔