جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

کھیل کے دوران گرنے سے ایک سالہ بچے کی کھوپڑی میں اسٹیل کی راڈ گھس گئی

اشتہار

حیرت انگیز

بیجنگ: چین میں کھیل کے دوران گرنے سے ایک سالہ بچے کی کھوپڑی میں اسٹیل کی راڈ گھس گئی، تاہم وہ معجزانہ طور پر بچ گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے صوبے شینگڈانگ کے شہر جینان میں ایک سالہ بچہ کھیل کے دوران پشت کے بل گرنے سے اس کی کھوپڑی کے پچھلے حصے میں اسٹیل کی راڈ گھس گئی لیکن وہ موت کے منہ میں جانے سے بچ گیا۔

بچے کے والد نے بتایا کہ ان کا بچہ گھر سے باہر کھیل رہا تھا، اس دوران پھسل کر پیچھے کی طرف گر گیا، لیکن گرتے ہوئے اس کا سر ایک گٹر کے ڈھکن میں نکلی ہوئی اسٹیل کی راڈ پر جا لگا۔

- Advertisement -

یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ اسے فوراً جینان سٹی اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹرز نے ایک گھنٹے طویل آپریشن کے دوران بچے کے سر کی پشت میں گھسی راڈ کو کامیابی سے نکال لیا، اور اب ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچے کی حالت بہتر ہے۔

بچے کے والد کا کہنا تھا کہ اس وقت سڑک گیلی تھی اس لیے ان کا بچہ کھیلتے ہوئے پھسل گیا تھا، انھوں نے کہا میں اپنے بچے کی طرف دوڑا اور یہ دیکھ کر پریشان ہو گیا کہ راڈ اس کی کھوپڑی میں گھس گئی تھی۔

بعد ازاں، والد نے مین ہول کے ڈھکن پر نکلی راڈ کو زنبور کی مدد سے کاٹا، اور اپنے بچے کو جدا کر دیا اور پھر فوراً مقامی اسپتال پہنچا دیا۔

جینان چلڈرن اسپتال کے ڈائریکٹر آف نیوروسرجری ڈاکٹر وانگ گوانگنگ کا کہنا تھا کہ جب بچے کو اسپتال لایا گیا تو اس وقت اس کی حالت نازک تھی، وہ بہت بے چین تھا اور اس کو بخار بھی تھا، جب سی ٹی اسکین کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اسٹیل کی راڈ بچے کی خون کی نالیوں کو پنکچر کرنے سے محض 5 ملی میٹر (0.2 inches) دوری پر تھی۔

رپورٹس کے مطابق بچے کے سر سے راڈ نکالنے کے لیے متعدد سرجنز نے مائکرو اسکوپ کی مدد سے ایک گھنٹہ طویل سرجری کی۔ مقامی اسپتال میں بچے کا علاج تاحال جاری ہے، تاہم اس کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں