کراچی : سوتیلے باپ اور چچا نے کمسن بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بچی سے تشدد اور زیادتی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جہاں عوامی کالونی میں سوتیلے باپ اور چچا نے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، متاثرہ بچی اپنی والدہ اور سوتیلے باپ کے ساتھ ایک گھر میں رہتی تھی۔
متاثرہ بچی کی فوٹیج منظرعام پر آنے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی، بچی نے الزام عائد کیا ہے کہ سوتیلے والد اور چچا نے تشدد کرکے زیادتی کی۔
اس حوالے سے پولیس نے میڈیا کو تفصیلات کے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی کے سوتیلے والد اور چچا کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچی کا اسپتال سے میڈیکل کرایا جائے گا، میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی کارروائی مزید آگے بڑھائی جائے گی، گرفتار سوتیلے والد نے بچی پر تشدد کا اعتراف کر لیا ہے۔
متاثرہ بچی نے پولیس کو بیان ریکارڈ کروایا ہے کہ میرے سوتیلے والد اور چچا نے زیادتی کی اور تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ ملزم سوتیلے باپ کا کہنا ہے کہ محلے کے ایک لڑکے نے پیسے دے کر بچی سے زیادتی کی تھی، محلے کے لڑکے اور بیٹی پر اسی بات پر تشدد کیا بچی کی ماں کو بھی معلوم ہے کہ زیادتی کس نے کی ہے؟
پولیس حکام نے بچی کی والدہ کو بھی بیان اور تفتیش کے لیے طلب کرلیا ہے، اس کے علاوہ واقعے کے بعد ایک سماجی تنظیم کے عہدیدار بھی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔