کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسٹاک ایکسچینج حملے کے بعد امن وامان پر اجلاس طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں دہشت گردوں کے اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امن وامان پر اجلاس طلب کر لیا ہے۔
مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں اسٹاک ایکسچینج پر حملے اور اس کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا جائےگا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی حملے سے متعلق بریفنگ دیں گے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ، چاروں حملہ آور ہلاک
واضح رہے کہ ملک دشمن عناصر کی امن خراب کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دستی بم حملے اور فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت 7 افراد شہید ہو گئے جبکہ 4 دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے جدید ہتھیار، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے اسٹاک ایکسچینج کے باہر موجود مشتبہ کار کا بھی معائنہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور اس حملے کو ناکام بنایا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنے بہاد جوانوں پر فخر ہے۔