کراچی: ملک میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان رہا جبکہ ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان رہا، 100 انڈیکس میں 397 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 100 انڈیکس 0.85 فیصد اضافے سے 47453 کی سطح پر بند ہوا۔
اسٹاک ایکسچینج میں 9.22 ارب روپے مالیت کے 25.13 کروڑ شیئرز کا کاروبار کیا گیا، شیئرز کی قیمت بڑھنے پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 60 ارب کا اضافہ ہوگیا۔
ڈالر مزید مہنگا
اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 50 پیسے مہنگا ہوگیا، کرنسی ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 164 روپے 20 پیسے پر پہنچ گیا۔
اوپن مارکیٹ میں یورو ایک روپے مہنگا ہوکر 193.50 روپے کا ہوگیا جبکہ برطانوی پاؤنڈ ایک روپے مہنگا ہوکر 226.50 رہا، اماراتی درہم 30 پیسے مہنگا ہوکر 44 روپے 45 پیسے اور سعودی ریال 30 پیسے مہنگا ہوکر 43 روپے 45 پیسے کا ہوگیا۔