اشتہار

اسپین کے وزیراعظم کا بجلی بچانے کیلئے شہریوں کو ٹائی نہ پہننے کا انوکھا مشورہ

اشتہار

حیرت انگیز

میڈرد: اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچز نے توانائی بچانے کیلئے ٹائی نہ پہننے کا انوکھا نسخہ پیش کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہسپانوی وزیر اعظم کی جانب سے یہ اپیل ایسے وقت میں کی گئی ہے جب روس یوکرین جنگ کی وجہ سے یورپی یونین میں گیس بحران سر اٹھا رہا ہے۔

میڈرڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچز نے کہا کہ ان کی حکومت توانائی بچانے کے لیے فوری اقدامات پر عمل شروع کرے گی تاکہ یوکرین پر حملے کے پیش نظر روسی گیس پر انحصار کم سے کم ہو سکے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ میں خود بھی ٹائی نہیں پہن رہا اور اپنے وزراء، سرکاری افسران کو بھی ٹائی نہ پہننے کی ہدایت کی ہے، میں نجی اداروں کے ملازمین سے بھی کہتا ہوں کہ توانائی بچانے کے لیے وہ بھی یہی عمل کریں۔

ہسپانوی وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کرنے سے انہیں گرمی کم محسوس ہو گی جو توانائی بچانے کا باعث بنے گی کیونکہ ایئر کنڈیشنز کم چلیں گے۔

پیڈرو سانچز نے کہا کہ توانائی کی بچت کیلئے حکومت کی جانب سے ایک نیا منصوبہ اگلے ہفتے پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یورپی ممالک کا توانائی کیلئے زیادہ انحصار روس پر ہے، تاہم روس یوکرین جنگ کے نتیجے میں یورپی یونین کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

جواب میں روس نے بھی یورپی ممالک کو گیس سپلائی کم کردی ہے، جس کی وجہ سے انہیں توانائی بحران کا سامنا ہے اور تمام یورپی ممالک توانائی کی بچت اور روس پر انحصار کم کرنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ائیرکنڈیشنڈ دکانوں کے دروازے بند رکھنے کا حکم

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے یورپ میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، اس صورتحال میں یورپی ممالک کی حکومتوں کو توانائی بچت کے منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے مشکلات کا سامنا ہے ۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں