کراچی : بحیرہ عرب میں بننےوالا طوفان سپرسائیکلون کی شکل اختیار کرگیا، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ماہی گیروں کو کھلے سمندر سے فوری واپسی کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان کے خدشہ کے پیش نظر فشرمین کوآپریٹوسوسائٹی نے ایمرجنسی نافذ کردی، فشرمین کوآپریٹوسوسائٹی نے ماہی گیروں کو سمندر سے فوری واپسی کی ہدایت کردی ہے اور ہدایات جاری کی ہے کہ تین دن تک سمندر میں نہ جایا جائے اس کے علاوہ مچھلی کے شکار پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا کیار طوفان سپرسائیکلون کی شکل اختیارکر گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مذکورہ طوفان کیٹگری پانچ میں شامل ہوچکا ہے جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا قوی امکان ہے۔
کیار نامی طوفان کے باعث گرد آلود ہوائیں چلنے کاسلسلہ بھی شروع ہوگیا، کیار طوفان بحیرہ عرب میں اب تک کا سب سے طاقتور طوفان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کیار طوفان کراچی کے جنوب میں860کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، طوفان15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔
سائیکلون کے گردہوائیں245کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے چل رہی ہیں، طوفان براہ راست پاکستان کی کسی ساحلی پٹی پر اثرانداز نہیں ہوگا، ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
دوسری جانب ترجمان فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کا کہنا ہے کہ اب تک132کشتیوں کے ماہی گیروں سے رابطہ ہوچکا ہے، سو سےزائد کشتیاں محفوظ مقام پر پہنچ چکی ہیں جبکہ112کشتیوں کو گہرے سمندر سے واپس بلالیا گیا ہے۔