امریکی ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے اپنی مشہور سیریز اسٹرینجر تھنگس میں پرتشدد مناظر پر وارننگ جاری کردی۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں منگل کو فائرنگ کے افسوسناک واقعے کے بعد نیٹ فلکس نے اپنی سیریز اسٹرینجر تھنگس 4 پر وارننگ کارڈ جاری کردیا ہے۔
نیٹ فلکس نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے اس سیریز کی عکس بندی پچھلے برس کی تھی لیکن اسکول میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد شائقین کو پہلی قسط کا ایک منظر بہت پریشان کن محسوس ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ نیٹ فلکس نے اسٹرینجر تھنگس نامی سیزن کی 8 منٹ کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں متعدد بچوں کو خون میں لت پت دکھایا گیا ہے۔
سیریز کی پہلی قسط پر وارننگ کارڈ جاری کرتے ہوئے نیٹ فلکس نے لکھا ہے کہ خبردار! بچوں پر تشدد کے خطرناک مناظر ہیں۔
مذکورہ سیریز سائنس فکشن ہارر سیریز ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک لیبارٹری تجربے کے دوران ایک پراسرار دنیا کا دروازہ کھل جاتا ہے جہاں کی غیر مرئی مخلوق وہاں کے رہائشیوں کی زندگی کو متاثر کرنے لگتی ہے۔