کراچی: شہر قائد کے دیرینہ اور پریشان کن مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت پر قایم کی گئی اسٹریٹیجک کمیٹی اپنی تجاویز ہفتے کو عمران خان کے سامنے رکھے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر سندھ سے شہر قائد کے مسائل پر فروغ نسیم کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نے ملاقات کی، یہ کمیٹی کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بنائی۔
اسٹریٹیجک کمیٹی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو شہر کے مسائل کے حل سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر گورنر سندھ نے بھی مسائل کے حل کے لیے کمیٹی کو اہم تجاویز دیں۔
ملاقات میں وفاق کے تحت کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی، فراہمی اور نکاسیٔ آب، ماس ٹرانزٹ اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
تفصیل یہاں پڑھیں: کراچی کو تباہی سے بچانا ہے تو ۔۔۔۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسٹریٹیجک کمیٹی کراچی کے مسائل پر تجاویز ہفتے کو وزیر اعظم کے سامنے رکھے گی۔
یاد رہے دو دن قبل کراچی میں مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت اسٹریٹیجک کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا تھا، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی۔
اس اجلاس میں شہر میں صفائی اور دیگر اہم مسائل سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا۔
اجلاس میں فروغ نسیم نے بتایا کہ وزیر اعظم کی بنائی گئی کراچی اسٹریٹیجک کمیٹی 12 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں 6 ممبران ایم کیو ایم اور 6 پی ٹی آئی کے ہوں گے، حکومت کی یہ کمیٹی کراچی میں انتظامی مسائل کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔