کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان سمیت ٹارگٹ کلنگ کی ورداتیں ختم ہوگئی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کا بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ سمیت نئی اضافی بھرتیوں سے جرائم کی شرح میں کمی آسکتی ہے۔
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز میں منعقدہ تقریب میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسالوں سیف سٹی پراجیکٹ مکمل ہوجائے گا جس سے جرائم کی شرح میں کمی آئے گی لیکن فوری طور پر پولیس میں اضافی نفری کی ضرورت ہے۔
۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ نئی شاہین فورس کے قیام کے بعد وارداتوں میں ملزمان کوگرفتارکرنے میں تیزی آئی ہے، میرا ایمان ہے کہ ہرسیکٹر میں لاء اینڈ آرڈر ہو تو بہتری کیوں نہیں ہوسکتی۔
جاوید عالم اوڈھو نے اپنے گزشتہ دنوں دیئے گئے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا، میں اسی شہر میں پلا بڑھا ہوں، کراچی کے بارے میں مثبت سوچ رکھتا ہوں۔