کراچی: شہرقائد کے علاقے گلشن اقبال کے قریب واقع ابو الحسن اصفہانی روڈ اسٹریٹ کرمنلز کی آماجگاہ بن گیا، رات کے اوقات میں شہری نقدی، موبائل فونز ودیگر قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع شادی ہالز میں منعقدہ تقاریب میں شرکت کرنے والے افراد واپسی پر لازمی اسٹریٹ کرملنز کا شکار بنتے ہیں اور وہ نقدی سمیت اہم اشیاء سے محروم ہوجاتے ہیں۔
مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود اور کراچی یونیورسٹی سے متصل مسکن چورنگی تا پیراڈائز بیکری، امیر معاویہ مسجد، یوسی آفس کی گلیوں میں رات گئے شادی ہال سے واپس گھروں کو لوٹنے والے شہریوں کو لوٹ کر اسٹریٹ کرمنلز باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔
مبینہ ٹاؤن تھانے کے اہلکار رات 12 بجے کے بعد شادی ہالز کے باہر سیکورٹی دینے کے بہانے کھانا اور دولہا کے اہل خانہ سے حصہ لینے میں مصروف رہتے ہیں۔
مزید برآں صبح سویرے ہی پولیس اہلکار اور ٹریفک پولیس اہلکار سوزوکی، رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کو دستاویزات دکھانے کے بعد باوجود تنگ کیا جاتا ہے۔ اسٹریٹ کرائم کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافے کے بعد ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو نہ ہوسکا۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل امیر معاویہ مسجد کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 اسٹریٹ کرمنلز کو ہلاک کیا تھا، یہی نہیں رینجرز اہلکاروں نے بھی امیر معاویہ مسجد کے اطراف کی گلیوں میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔
خوفزدہ علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید سے مطالبہ کیا کہ مسکن چورنگی کے اطراف بالخصوص رات کے اوقات میں رینجرز کو تعینات کیا جائے اور اطراف کی گلیوں میں ہونے والے گشت میں اضافہ کیا جائے۔