بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

کراچی میں موبائل فون لے کر نوجوان کو قتل کردیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں نامعلوم مسلح ملزمان نے موبائل فون لے کر بھی نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، دن دیہاڑے موبائل چھین کر نوجوان کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول منیب کورنگی کا رہائشی تھا اور ایک ماہ قبل ہی اس کی شادی ہوئی تھی، منیب کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا ہے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے شواہد نہیں ملے، جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار ملزمان اپنی بائیک پر بیٹھے شخص سے اسلحہ کے زور پر موبائل فون چھینتے ہیں اور موبائل فون دینے کے باوجود بھی اس پر گولیاں برسادیتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف انکوائری کرکے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے، ملزمان چند روپوں اور موبائل فون کے لیے شہریوں کو قیمتی جانوں سے محروم کردیتے ہیں۔

اہم ترین

سلمان لودھی
سلمان لودھی
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔

مزید خبریں