تازہ ترین

اسٹریپ تھروٹ انفیکشن کیا ہے؟

اسٹریپ تھروٹ (Strep throat) حلق کا انفیکشن ہے جس کا سبب مضر بیکٹیریا، یا دوسرے جراثیم ہوسکتے ہیں۔

عام طور پر یہ انفیکشن بچوں کو متاثر کرتا ہے۔ تاہم اس کی علامات اور اسباب بچوں اور بڑوں میں‌ یکساں ہو سکتے ہیں۔

اس انفیکشن کی نمایاں علامات میں بخار اور گلے کی خراش شامل ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق گلے کی خراش کا مسئلہ 4 سے 8 سال کی عمر کے بچوں میں عام ہے۔

طبی محققین کے مطابق اس انفیکشن کی مختلف قسمیں ہوتی ہیں‌ جن میں‌ سے بعض مناسب اور ضروری علاج یا احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے کئی دوسری جسمانی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق اسٹریپ تھروٹ اور گلے کی عام تکلیف اور خراش میں تمیز کرنا ضروری ہے۔ اس کا سبب علامات میں‌ یکسانیت اور ایک ہی قسم کی تکلیف کا اظہار ہے جس پر طبی معائنہ کرنے کے بعد ہی معالج حتمی بات کرسکتا ہے۔

اس سے متاثرہ بچہ گلے میں درد کی وجہ سے کھانے پینے سے انکار کرسکتا ہے اور تکلیف کا اظہار کرتا ہے۔ اسے نگلنے میں دشواری پیش آسکتی ہے۔ بعض متاثرہ بچے سَر درد، متلی، قے کے علاوہ معدے یا پٹھوں میں درد کی شکایت بھی کرتے ہیں۔

طبی محققین کہتے ہیں کہ جس وقت تک علاج شروع نہ کیا گیا، اس وقت تک اسٹریپ تھروٹ کے ایک بچے سے دوسرے میں منتقل ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ لیکن مخصوص ادویہ کے استعمال کے 24 گھنٹے بعد یہ انفیکشن متعدی نہیں رہتا۔

Comments

- Advertisement -