ذہنی تناؤ اور اضطراب (اسٹریس و انگزائٹی) روزمرہ کی زندگی کے تقاضوں کا ایک فطری نفسیاتی اور جسمانی ردعمل کا نام ہے۔ اگر آپ کا تناؤ اور اضطراب قابو سے باہر ہو رہا ہے تو اس کیلیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
انگزائٹی یعنی اضطراب کی بات کی جائے تو یہ دراصل اسٹریس کا ہی رد عمل ہوتا ہے، جس میں انسانی ذہن میں انجانے سے خوف کا احساس ہوتا ہے۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اسٹریس و انگزائٹی میں کیا فرق ہے؟
وائس آف امریکا کی ایک رپورٹ کے مطابق اسٹریس اور انگزائٹی دونوں ایک دوسرے سے زیادہ مختلف تو نہیں لگتی لیکن بہرحال دونوں کے درمیان فرق ضرور ہے۔
اسٹریس
اسٹریس یا ذہنی دباؤ روز مرہ روٹین میں کہیں نہ کہیں ہم میں سے اکثر لوگ محسوس کرتے ہوں گے۔
امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ (این آئی ایم ایچ)کے مطابق انسان اپنی زندگی میں کہیں نہ کہیں اسٹریس محسوس کرتا ہے۔
مثال کے طور پر کسی کو بہت زیادہ کام کی وجہ سے ذہنی تناؤ محسوس ہوتا ہے یا زندگی میں کوئی تکلیف دہ صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑے تو اس طرح کی کیفیت اسٹریس کہلاتی ہے۔
انگزائٹی
انگزائٹی دراصل اسٹریس کا ردِ عمل ہوتا ہے۔ انگزائٹی عام طور پر خوف یا خوف کا مستقل احساس ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دور نہیں ہوتا، تاہم انگزائٹی آپ کی روز مرہ روٹین کو متاثر ضرور کرسکتی ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے مطابق اسٹریس اور انگزائٹی دونوں ہی جسمانی اور ذہنی صحت کو متاثر کر سکتے ہیں۔
اسٹریس اور انگزائٹی کی کیفیت پر قابو پانا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ اس کی وجہ سے پریشانی، سر یا جسم میں درد، ہائی بلڈ پریشر اور نیند میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
البتہ لائف اسٹائل میں چند تبدیلیاں یا بعض کاموں کو عادت بنا لینے سے دونوں ہی صورت حال پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
اسٹریس اور انگزائٹی کی کیفیت پر قابو پانے کے لیے باقاعدہ روزش، یوگا، مکمل نیند اور معتدل غذا مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈائری میں اپنے خیالات کو لکھنا بھی آپ کو پرسکون کر سکتا ہے۔