لاہور : پنجاب میں آج رات 12 بجے سے سخت لاک ڈاؤن کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا، لاک ڈاؤن کے دوران تمام تعلیمی ادارے ، میرج ہالز ، شاپنگ مالز ، ایکسپو ہالز ، ریسٹورنٹس ، پبلک پارکس ، پے ایریاز، بیوٹی پارلرز ، سینما ہالز ، تھیٹرز بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاون کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا لاک ڈاون آج رات 12 بجے سے ہوگا اور28 جولائی سے پانچ اگست تک رہے گا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے ، میرج ہالز ، شاپنگ مالز ، ایکسپو ہالز ، ریسٹورنٹس ، پبلک پارکس ، پے ایریاز، بیوٹی پارلرز ، سینما ہالز ، تھیٹرز بند رہیں گے۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کھیلوں کی تمام سرگرمیاں بند رہے گی اور تمام مذہبی اور سماجی سرگرمیوں سمیت مارکیٹس ، شاپنگ مالز اور پلازہ کھولنے پر پابندی ہوگی۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ میڈیکل اسٹور، سبزی اور پھولوں کی دکانیں ، بیکریز اور کریانہ اسٹورز، دودھ دہی کی دکانیں ، گروسری سمیت ڈرائیورز ہوٹلز ، پیٹرول پمپس ، ایل پی جی ، ایگریکلچر اور مشنری روکشاپس کھولے رہیں گے جبکہ پرینٹنگ پریس اور کال سینٹرز میں 50 فیصد سٹاف کام کرے گا۔
چکن اور گوشت کی دکانیں ، تندور ، دودھ دہی کی دکانیں صبح چھ بجے سے رات بارہ بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ انٹرسٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ پبلک ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلیں گیں۔
اس سے قبل وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آج رات 12بجے سے پنجاب میں سخت لاک ڈاؤن کاآغازہوگا اور عیدالفطر کے ایس اوپیز عیدالاضحیٰ کے لئے بھی ہوں گے، سخت لاک ڈاؤن 9 دن کے لئے پنجاب بھر میں ہوگا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں میں بھی ایس اوپیزپرسختی سےعمل کرایا جائے گا اور ریسٹورنٹ، تفریحی مقامات کو محرم کے بعد کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ سخت لاک ڈاؤن 9 دن کے لئے پنجاب بھر میں ہوگا۔
گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دی تھی ، چیف سیکریٹری پنجاب کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پنجاب میں بازار، مارکیٹس اور پلازے عید سے 2 تین روز قبل بند کردی جائیں گی۔
ذرائع چیف سیکریٹری کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن مجبوری ہے، مارکٹیوں سے زیادہ عوام کی زندگی عزیز ہے۔
ذرائع کا کہنا کے مطابق عید الفطر سے قبل مارکیٹیں بند نہ کرنے سے وبا میں اضافہ ہوا تھا لہٰذا مذکورہ فیصلہ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں میں ایس او پیز اور سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔