کوئٹہ : شمالی بلوچستان میں بارش برسانے والا مضبوط سسٹم داخل ہوگیا ،محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں کراچی سردی میں مزید اضافے کی پیش گوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم رات گئے شمالی بلوچستان میں داخل ہوگیا ، جس سے چمن شہر اور گردونواح میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں آج داخل ہو رہی ہیں کوئٹہ، ڑوب، بارکھان، زیارت، چمن، پشین، نوکنڈی، دالبندین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، قلات، خضدار، تربت، پنجگور اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
کراچی میں چلنے والی سرد ہواؤں نے درجہ حرارت نو ڈگری تک پہنچا دیا ہے تاہم سرد ہواؤں کا راج برقرار رہنے کی توقع ہے جبکہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارش اور برف باری کی وجہ سے آئندہ چند روز میں کراچی سردی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
کوژک ٹاپ پر شدید برفباری سے کوئٹہ چمن شاہراہ پرٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ، جس کے بعد برف ہٹانےکیلئےپی ڈی ایم اے،این ایچ اےکی امدادی کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب آج گلگت بلتستان میں موسم شدید سرداورگہرے بادل چھائے رہیں گے جبکہ مظفرآباد،اسلام آباد پشاور اور کوئٹہ میں موسم سرد اورمطلع ابرآلود رہے گا اور کراچی میں سرد ہواؤں کا راج اور ہلکے بادل چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کاسلسلہ اکیس جنوری سے بالائی علاقوں میں بھی اثراندازہوگا، جس سے کشمیر، گلگت بلتستان اورخیبرپختونخوامیں بارش کے ساتھ برف باری بھی ہوسکتی ہے۔