تازہ ترین

کراچی : مٹی کا طوفان اور بارش، بجلی منقطع، پروازیں متاثر

کراچی/ حب : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے اور بارش کے بعد متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کردی گئی۔ ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں گرد آلود سرد ہوائیں چلنے لگیں، ٹھنڈی ہوائیں چلیں تو گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا شہیریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

نارتھ کراچی سیکٹر 14 بی، سیکٹر 9 ، سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا، سہراب گوٹھ ، گلشن اقبال، گلشن حدید میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ حب کے علاقوں بیلہ، اوتھل میں طوفانی بارش سے وایارو کے مقام پر ندی میں طغیانی آگئی، حب پولیس کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث کراچی کوئٹہ شاہراہ پر ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کی وضاحت

دوسری جانب تیز ہواؤں کی وجہ سے کے الیکٹرک کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی جس کے سبب مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔

اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر کے محدود علاقوں سے بجلی فراہمی میں تعطل کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ کےالیکٹرک کا سسٹم مستحکم ہے اور تمام گرڈز پر بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ عارضی تعطل نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ کے باعث پیش آیا، تاہم سسٹم مستحکم ہے، آنے والے عارضی تعطل کو فوری بحال کر دیا جائے گا، تیز ہواؤں اور بارش کی صورت میں شہری احتیاط برتیں۔

علاوہ ازیں کراچی ایئرپورٹ پر بجلی کی فراہمی بند ہونے سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے، مسافروں کی بورڈنگ، چیکنگ ان اور امیگریشن کا سلسلہ رک گیا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رن وے ایریاز کو جنریٹرکے ذریعے چلایا جارہا ہے۔

Comments

- Advertisement -