بھارت کی ریاست آسام میں کم عمر طالب علم نے کلاس کے دوران ٹیچر کے پیٹ میں چاقو گھونپ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل کا واقعہ شیو ساگر ضلع کے ایک کوچنگ سینٹر میں پیش آیا۔ پولیس نے کم عمر طالب علم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مقتول ٹیچر نے کچھ روز قبل طالب علم کو کسی بات پر کلاس میں شدید ڈانٹ پلائی تھی۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ قتل کے واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد جب کوچنگ سینٹر پہنچے تو کلاس میں جگہ جگہ خون کے نشانات ملے جبکہ مقتول زمین پر پڑا تھا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ ٹیم نے جائے وقوعہ سے آلہ قتل قبضے میں لیا اور مقتول کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
طالب علم نے ٹیچر کے پیٹ میں اُس وقت چاقو گھونپا جب دیگر اساتذہ کوچنگ سینٹر سے جا چکے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا تاہم اب تک معلوم نہیں ہو سکا کہ اس نے مقتول کو کیوں قتل کیا، سینٹر میں لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ملزم کے ہم جماعت نے بتایا کہ ٹیچر نے اسے کچھ روز قبل ڈانٹا تھا جس کا اس نے بدلہ لیا۔