جمعرات, اکتوبر 17, 2024
اشتہار

جھوٹ پھیلا کر طلبہ کو اکسانے والا شخص گرفتار کرلیا، مریم نواز

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ جھوٹ پھیلا کر طلبہ کو اکسانے والا شخص گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ وعدہ کیا تھا سازش میں ملوث کسی شخص کو نہیں چھوڑوں گی، لاہور میں نجی کالج کی طالبہ سے زیادتی کا پروپیگنڈا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ معصوم لڑکی اور خاندان بری طرح متاثر ہوا، جھوٹ بولا گیا بچی دم توڑ گئی۔

- Advertisement -

مریم نواز کا کہنا ہے کہ 10 اکتوبر بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ رپورٹ ہوا لیکن اس روز بچی کالج میں تھی ہی نہیں، ہم متاثرہ بچی کی تلاش میں ہیں۔

اس سے قبل ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں کالج کی طالبہ سے زیادتی کا جھوٹا واقعہ پیش کرنے میں ملوث افراد کو ٹریک کرلیا گیا ہے میں کسی کو نہیں چھوڑوں گی انہیں عبرت کا نشان بناؤں گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بچوں نے رپورٹ کیا کہ ایسا واقعہ ہوا سوشل میڈیا پر ایشو بناکر جھوٹے الزامات عائد کیے گئے جس کی کوئی بنیاد ہی نہیں تھی، طلبا کو گمراہ کرکے مہم چلائی گئی، میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ بار بار جلسوں اور احتجاج کی ناکامی کے بعد اب ایک گھٹیا اور خطرناک منصوبہ بنایا گیا کہ جب ایس سی او ہورہی ہے اور سربراہان مملکت یہاں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بچی کو عینی شاہد بناکر پیش کیا گیا کہ بچی نے کہا کہ میں نے آوازیں سنیں اور بیسمنٹ میں روم لاک کرلیے گئے پھر ریسکیو 1122 کو بلایا گیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم نے تحقیقات کی ہیں اُس دن اور کئی دن تک 1122 کو وہاں نہیں بلایا گیا، میں نے بیسمنٹ کی ویڈیوز منگوائی ہیں وہاں کوئی لاک ہی نہیں ہیں اور یہ بچی اُس کیمپس کی ہے ہی نہیں یہ بچی جب کہتی ہے میں اس کیمپس کی نہیں تو اس کا بیان ایڈٹ کردیا گیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے بچی کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک دشمن اور دہشت گرد جماعت ہے، اس کےساتھ وہی سلوک ہونا چاہیے جو کالعدم تنظیم کے ساتھ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا فتنا، فساد، جلاؤ گھیراؤ اورانتشار پھیلانے کا مرکزبنا ہوا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں