جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

ایک اور کامیابی، امریکی کانگریس کی سب کمیٹی میں 25 سال بعد مسئلہ کشمیر سنا جائے گا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی عالمی سطح پر ایک اور فتح سامنے آ گئی ہے، امریکی کانگریس کی سب کمیٹی میں 25 سال بعد مسئلہ کشمیر سنا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کی کشمیر پر کام یاب سفارت کاری کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں، مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی عالمی سطح پر شنوائی ہونے لگی ہے۔

اس سلسلے میں بریڈ شرمن کی سربراہی میں امریکی کانگریس کی کمیٹی جلد مسئلہ کشمیر پر بحث کرے گی۔

کانگریس مین شرمن نے کہا ہے کہ امریکی ایوان کی سب کمیٹی جلد مسئلہ کشمیر پر بحث کرے گی، اجلاس میں وادیٔ کشمیر کی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔

بریڈ شرمن کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹی جائزہ لے گی کہ کشمیر میں متعدد لوگ کیوں گرفتار ہیں، انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سمیت ذرایع مواصلات کی بندش پر بھی غور ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کی ایک اور سفارتی کامیابی، مسئلہ کشمیر یورپین پارلیمنٹ میں زیربحث آئے گا

کمیٹی کے ایجنڈے کے مطابق کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال پر بھی غور کیا جائے گا، اس بات پر بھی غور ہوگا کہ کیا وادی میں کشمیری محفوظ ہیں، کیا کشمیر میں غذا، دوا اور علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی مؤقف کی امریکا میں پذیرائی میں وفاقی وزیر علی زیدی کی کاوشیں بھی شامل ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس بلانے کے سلسلے میں وفاقی وزیر علی زیدی نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ یورپین پارلیمنٹ میں بھی نئے پارلیمانی سال کے پہلے اجلاس کے ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر کو شامل کیا گیا ہے، خارجہ امور کی کمیٹی کا یہ اجلاس 2 ستمبر کو منعقد ہوگا، اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں