کراچی : انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اغواء برائے تاوان کے الزام میں برطرف سب انسپکٹر ملزم محمد اسلم اور ملزم زبیر کو 7جنوری تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق قانون کا محافظ ہی شہری کے اغواء میں ملوث نکلا، کراچی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں اغوا برائے تاوان کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے برطرف سب انسپکٹر ملزم محمد اسلم اور ملزم زبیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے، عدالت نے پولیس کو7 جنوری تک ملزمان کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اس موقع پر پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ملزمان نے9نومبر کو مغوی اعجازالحق نامی شخص کو دکان سے اغوا کیا اور مغوی کے اہلخانہ کو فون کرکے رقم منگوائی، پولیس افسر ملزم محمد اسلم نے وردی میں واردات کی تھی۔
بعد ازاں اہل خانہ سے20ہزارروپے لے کرمغوی کو چھوڑ دیا گیا، ملزم محمداسلم تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں تعینات تھا، ملزمان کیخلاف زمان ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی، پولیس نے سی ٹی ڈی کے دفتر پر چھاپہ مار کر افسر کو گرفتار کرلیا
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ سینٹرل پولیس نے سی ٹی ڈی آفس پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے شہری کو اغوا کرکے تاوان مانگنے والے اے ایس آئی کو گرفتار کیا تھا۔
ٹیم نے چھاپہ کے دوران مغوی کو بھی بازیاب کرالیا تھا، پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکار نے ایل خانہ سے دس لاکھ روپے مغوی کی رہائی کے لیے مانگ رکھے تھے۔