گوجرانوالہ: وزیر آباد میں سب انسپکٹر نے گاڑی سے ٹکرانے پر چنگ چی رکشا ڈرائیور کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کی حالت غیر ہوگئی اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے اہلکار کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
اے آر وائی نیوز گوجرانوالہ کے نمائندے غلام فرید کے مطابق تھانہ وزیرآباد کا سب انسپکٹر سمیع اللہ محنت کش کی چاند گاڑی اپنی گاڑی سے ٹکرانے پر مشتعل ہوگیا اور محنت کش کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس پر محنت کش بے ہوش ہوگیا۔
رپورٹر کے مطابق سول کپڑوں میں ملبوس سب انسپکٹر کی گاڑی پر واضح طور پر پولیس لکھا ہوا تھا، وہ اور اس کے ساتھی نے غریب ڈرائیور کو ڈنڈوں اور لوہے کی راڈ سے بھی مارا لوگوں نے اسے بارہا منع کیا تاہم اس نے خود کو پولیس والا ظاہر کرتے ہوئے مجمع پر بھی رعب جمایا۔
شہریوں نے کافی بیچ بچاؤ کرایا مگر سب انسپکٹر باز نہ آیا اور شہریوں سے بھی بدتمیزی کی جس پر شہریوں نے سب انسپکٹر کو پکڑا کر اس کی دھنائی کرنے کی کوشش کی بعدازاں سب انسپکٹر وہاں سے بھاگ نکلا۔
تشدد کے دوران محنت کش معافیاں مانگتا رہا مگر انہیں ترس نہ آیا اور مسلسل لاتوں، گھونسوں اور لوہے کی راڈ لگنے سے وہ زخمی ہوگیا، شہریوں نے ایمبولینس طلب کرکے اسے اسپتال منتقل کیا۔
اطلاعات کے مطابق میڈیا پر خبر نشر ہوتے ہی وزیر اعلی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر کو معطل کرنے کا حکم جاری کردیا۔