کراچی: ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی نے عید الفطر پر غیر معیاری اشیائے خورد و نوش بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے عید الفطر کے موقع پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جو عید کے دنوں میں پکوان سینٹرز، ریستوران، ہوٹلز اور کھانے پینے کی دکانوں پر چھاپے ماریں گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک عبدالجبار خان کی ہداہت پر نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی آصف جان صدیقی نے خبردار کیا ہے کہ عید کے دوران غیر معیاری خوراک کی فروخت پر سخت کارروائی ہوگی۔
سندھ فوڈ اتھارٹی نے عوامی شکایات کے لیے 24/7 ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کر دیا ہے، ڈی جی سنڈھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق شہری کسی بھی وقت غیر معیاری خوراک کی شکایت واٹس ایپ نمبر 03300116553 پر درج کرا سکتے ہیں۔
عید کے دوران سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں بازاروں، ہوٹلوں اور مٹھائی کی دکانوں کا شکایات پر معائنہ کریں گی، ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، شہید بینظیرآباد اور لاڑکانہ میں ٹیمیں مقرر کی ہیں۔
ڈی جی کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں صفائی کے معیارات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیں گی، اور عید کے دوران عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔