کراچی: ایس آئی یو ٹی میں ایک سال میں 1200 سے زائد کامیاب روبوٹک آپریشن کے بعد دو روزہ پہلی بین الاقوامی سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں قائم شدہ روبوٹک سرجری کے شعبے کے قیام کے ایک سال مکمل ہونے پر دو روزہ سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔
ایس آئی یو ٹی میں روبوٹ کے ذریعے گردہ، مثانہ، پتھری، کینسر اور معدہ و جگرسے متعلق امراض کے 1200 سے زائد کامیاب آپریشن کیے جا چکے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان اور دنیا بھر کے سرجنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع امریکا اور برطانیہ کے ممتاز روبوٹک سرجنز نے بھی خطاب کیا۔
برطانیہ کے ڈاکٹر مارک سلیک جو کہ روبوٹ بنانے والی کمپنی کے سربراہ ہیں، نے ایس آئی یو ٹی کی خدمات کو سراہا، جو جدید ترین سہولیات ایک عام آدمی کو مفت اور عزت نفس کے ساتھ مہیا کر رہا ہے۔ انھوں نے روبوٹک سرجری کے ارتقا اور اس کے مختلف تکنیک، اور طب کے مختلف شعبوں میں اس کے کردار کے بار ے میں بتایا۔
امریکا سے آئے ہوئے ڈاکٹر عرفان رضوی نے روبوٹک سرجری کی ضرورت اور اہمیت کے بارے میں بتایا جب کہ امریکا کے ایک اور ڈاکٹر خورشید گرو نے بتایا کہ نئے آنے والے سرجنز اب براہ راست روبوٹک سرجری کو سیکھ سکتے ہیں، انھوں نے مردانہ غدود اور اس سے متعلق دیگر امراض میں روبوٹک سرجری کی اہمیت و کردار پر روشنی ڈالی۔
ایس آئی یو ٹی کے ڈاکٹر بابر حسن نے جدید ترین سائنسی ایجادات کے ذرائع جو کہ صحت کے شعبے میں زیادہ تر آرٹیفیشل انٹیلیجنس (مصنوعی ذہانت) پر مشتمل ہیں، کے بارے میں تجربات پر روشنی ڈالی، جس میں مختلف عالمی اداروں کے تعاون سے پاکستانی آبادی میں ان ذرائع کا استعمال اور اس کے دور رس نتائج کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
One of the features at SIUT Robotic Surgery Symposium 2022 is our Dry Lab sessions designed for surgeons to get hands-on experience on Versius Robot.
Participants can be seen handling console and learning this new technology. #DryLab #RoboticSurgery #RoboticSurgerySymposium pic.twitter.com/FYAIceKvMA— SIUT Pakistan (@SIUTOrg) November 4, 2022
ڈائریکٹر ایس آئی یو ٹی ڈاکٹر ادیب رضوی نے ایک سیشن کے دوران خطاب میں ایس آئی یو ٹی کے سرجنز کی تعریف کی، جنھوں نے اپنی قابلیت اور لگن سے روبوٹک سرجری کو کامیابی سے ہم کنار کیا اور وہ اس ہنر کو دوسرے ڈاکٹروں کو سکھانے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔ انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایس آئی یو ٹی ہمیشہ کی طرح اپنے مریضوں کو جدید ترین علاج مفت اور عزت نفس کے ساتھ فراہم کرتا رہے گا۔
اس موقع پر ایس آئی یو ٹی کے دیگر طبی ماہرین نے بھی خطاب کیا، ڈاکٹر اسد شہزاد نے نئے سرجنز کو عملی تربیت کے لیے اسکل لیب کے بارے میں آگاہ کیا، ڈاکٹر ریحان محسن جو کہ روبوٹک سرجری کے سربراہ ہیں، نے ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجیکل سینٹر کے قیام اور اس کی اب تک کی کارکردگی اور ان کے نتائج سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر ارسلان نے امراض معدہ و جگر کے حوالے سے روبوٹک سرجری پر روشنی ڈالی، تقریب کے دیگر مقررین میں ڈاکٹر ریاض لغاری، ڈاکٹر شاداب خان اور جنید خان شامل تھے۔