کراچی: جشن آزادی کے سلسلے میں ملیر کی بچہ جیل اور سینٹرل جیل میں تقریب منتعقد کی گئی جس میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں اور قیدیوں نے رقص کر کے وطن سے اپنی محبت کا ثبوت دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی سینٹرل اور ملیر جیل میں قید ملزمان نے جشن آزادی کے موقع پر قوم کے ساتھ جشن آزادی کی تقاریب میں حصہ لیا، اس موقع پر پولیس اہلکاروں جذبہ حب اوطنی میں ملی نغموں پر جھومے تو قیدیوں نے بھی کو کسر باقی نہیں چھوڑی۔
ملیر جیل کی انتظامیہ نے جشن آزادی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا اور تمام بیرکس کے قیدیوں کو گراؤنڈ میں جمع کر کے تیز آواز میں ملی نغمے لگائے تو پولیس اہلکار اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور نغموں کی دُھن پر جھوم اٹھے، جس کے بعد وہاں موجود قیدیوں نے بھی رقص شروع کردیا۔
ملیر جیل میں منعقدہ تقریب اُس وقت عروج پر آگئی جب سوڈانی قیدی نے نغموں کی دھن پر رقص شروع کیا جسے دیکھ کر جیل میں قید ملزمان اور انتظامیہ دنگ رہ گئے۔
اس موقع پر بچہ جیل میں مشیر قانون سندھ مرتضی وہاب اور مشیر انسانی حقوق ریحانہ لغاری نے نوعمر قیدیوں میں تحفے تحائف تقسیم کیے جبکہ سینٹرل جیل میں بھی تقریب کے اختتام پر قیدیوں میں مٹھائیاں اور قومی پرچم تقسیم کیے۔