جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

چینی بحران ، انکوائری کمیشن کا افسر شوگر ملز مالکان کا مخبر نکلا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: شوگر انکوائری کمیشن کے افسر ایڈیشنل ڈائریکٹرسجاد باجوہ کو معطل کردیا گیا، سجاد باجوہ پر شوگرانکوائری کمیشن کی معلومات لیک کرنے اور مبینہ طور پر کمیشن کو گمراہ کرنے کا الزام ہے۔

تفصیلات کے مطابق شوگر انکوائری کمیشن کا افسرشوگر ملز مالکان کا مخبر نکلا، ابتدائی انکوائری کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹرسجاد باجوہ کو معطل کردیا گیا ہے اور معطلی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

سجاد باجوہ پر شوگرانکوائری کمیشن کی معلومات لیک کرنے اور مبینہ طور پر کمیشن کو گمراہ کرنے کا الزام ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر غلط معلومات دیکرانکوائری کمیشن کوگمراہ کرتا رہا اور انکوائری کمیشن کی معلومات خسرو بختیار، چوہدری برادران ودیگرمل مالکان کو دیتا رہا، تاہم دیگر افسران اور متعلقہ افسر کی معلومات میں فرق آنے پر ابتدائی انکوائری کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام کی جانب سےوزیر اعظم کومعاملے سےآگاہ کردیا گیا ہے اور انکوائری کمیشن میں شامل دیگر افسران کی مانیٹرنگ مزید سخت کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر آٹے اور چینی بحران کی انکوائری رپورٹ جاری کی جا چکی ہے، رپورٹ ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیا نے تیار کی، اس رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہی اور خسرو بختیار کے رشتے دار کے نام سمیت کئی نامور سیاسی خاندانوں کے نام شامل ہیں، رپورٹ پبلک کرنے سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اس کا خود جائزہ لیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے پر مزید ایکشن ہوگا، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو بھی ملوث ہوا قانون کے تحت اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں