پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

سندھ میں شوگر ملز کے 600 ملین روپے جعلی اکاؤنٹس میں گئے: شہزاد اکبر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سندھ میں شوگر ملز کے 600 ملین روپے جعلی اکاؤنٹس میں گئے، مراد علی شاہ نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ دادو اور ٹھٹہ شوگر ملیں ادنیٰ نرخوں پر فروخت کی گئیں، جس میں مراد علی شاہ پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے جس کے سلسلے میں انھیں نیب راولپنڈی کے دفتر میں حاضری بھی دینی پڑی۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ فنانس سیکریٹری نے کہا تھا کہ شوگر مل بہت کم قیمت میں بیچی گئی، مل فروخت کی سمری میں لکھا گیا کہ مل کو سستے داموں فروخت کرنے سے غریبوں کو فائدہ ہوگا، جنھیں مل بیچی گئی کیا وہ غریب لوگ تھے، میں سمجھتا ہوں ان سے بہتر نواز شریف تھے، انھوں نے اسمبلی میں جھوٹ ہی سہی جواب تو دیا۔

انھوں نے کہا کہ فریال تالپور سندھ بینک کے معاملات کس حیثیت سے دیکھتی تھیں، سب جانتے ہیں سندھ میں تابع دار فنانس منسٹر کو کس طرح نوازا گیا، جعلی اکاؤنٹس سے میوے کھانے والوں کا نام ہی ای سی ایل میں ڈالا گیا، کرپشن کرنے والے ملک چھوڑ کر چلے جاتے ہیں مگر واپس نہیں آتے، نواز شریف اور شہباز شریف کے بچے واپس نہیں آ رہے۔

مشیر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی پی رہنما جہازوں پر گھومتے تھے جن کی ادائیگی جعلی اکاؤنٹس سے ہوتی تھی، جعلی اکاؤنٹس میں جس جس کا نام ہے ان سے سوالات ہوں گے، بڑے صاحب کے نام پر 265 ملین روپے جعلی اکاؤنٹس سے نکالے گئے، بڑے صاحب سب جانتے ہیں کہ وہ آصف زرداری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  منی لانڈرنگ کیس، احتساب عدالت کا آصف زرداری، فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کو طلبی کا نوٹس

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بہ طور صدر ایم ایس کے اکاؤنٹس سے پیسے نکلوالتے رہے، اپنے پیسے کے لیے بھی ایم ایس کا اکاؤنٹس استعمال کرتے رہے، فریال تالپور کو 241 ملین روپے کی براہ راست ادائیگی جعلی اکاؤنٹس سے ہوئی۔

شہزاد اکبر نے مزید بتایا کہ سینٹ جیمز ہوٹل کے ٹیکس کا معاملہ ایف بی آر لاہور سے بند ہوگیا تھا، میاں منشا پچھلے ہفتے ڈھائی گھنٹے نیب لاہور میں پیش ہوئے، انھیں سوال نامہ دیا گیا، منی ٹریل مانگا گیا، پیسا لے جانے کے لیے سنگاپوری، برٹش کمپنیاں استعمال ہوئیں، انھیں نیب کو مطمئن کرنا ہوگا کہ پیسا باہر کیسے منتقل ہوا، ان کے صاحب زادے ملک سے باہر ہیں انھیں بھی بلایا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں