پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور کی تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 8روپے فی کلو اضافہ ہو گیا۔
اضافے کے بعد تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت 170 روپے فی کلو ہو گئی۔ تھوک مارکیٹ میں چینی کا 50کلو کا تھیلا 8ہزار 500روپے کا ہوگیا۔
ڈیلرز کے مطابق گزشتہ روز 50 کلو چینی کے تھیلے کی قیمت 8ہزار ایک سو روپے تھی۔ پرچون کی سطح پر چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو ہوگی جب کہ قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں چینی فی کلو 170 سے 175 روپے میں فروخت ہونے لگی۔
پشاور میں ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمتوں میں 20 روپے سے زائد کا فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، تاجروں نے ملبہ نگراں حکومت کی جانب سے بڑھائے گئے پٹرول، گیس اور بجلی قیمتوں پر ڈال دیا۔
اس صورت حال میں عوام حکومت سے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن حکومت ساری ذمہ داری آئی ایم ایف پر ڈال کر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے نظر آ رہی ہے۔