جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

خود کشی کے لیے سمندر میں جانے والا زندہ نکلا، طاہر محمود نے ارادہ ترک کرنے کی وجہ بتا دی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں سی ویو دو دریا کے قریب شاہ فیصل کالونی کے رہائشی آن لائن ٹیکسی ڈرائیور طاہر محمود کی مبینہ خود کشی کے معاملے میں نیا موڑ سامنے آ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سی ویو دو دریا کے قریب طاہر محمود نامی نوجوان کی خود کشی کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا، دو دن سے ایدھی بحری خدمات کی ٹیمیں اس کی لاش سمندر میں تلاش کر رہی تھیں لیکن وہ گزشتہ شب اچانک اپنے گھر پہنچ گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نوجوان طاہر محمود شاہ فیصل کے نجی اسپتال سے مل گیا ہے، معلوم ہوا کہ اسے اس کی دوسری بیوی اور سالا اسپتال لائے تھے، تاہم طاہر محمود کے کزن اور والد جب اسپتال پہنچے تو دوسری بیوی اور سالا موقع سے فرار ہو گئے۔

- Advertisement -
آن لائن ٹیکسی ڈرائیور طاہر محمود کے رشتے دار شاہ فیصل تھانے کے باہر

دو دریا پر خود کشی کی دھمکی دینے والے طاہر محمود نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بیوی کے ساتھ جھگڑا تو اس کے بعد وہ دو دریا چلا گیا، اور سمندر میں کھڑے ہو کر بیوی کو ویڈیو کال کی۔ تاہم شاہ فیصل تھانے میں اس نے خود کشی کا ارادہ ترک کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ خود کشی تو حرام ہے، میں نے بیوی کو صرف خود کشی کی دھمکی دی تھی، لیکن خود کشی کا ارادہ نہیں تھا۔

شاہ فیصل پولیس اسٹیشن

آن لائن ٹیکسی ڈرائیور نے بتایا کہ بیوی کو کال کے بعد جب وہ سمندر سے نکل کر گھر واپس جانے لگا تو کچھ فاصلے پر 4 افراد نے اسپرے کر کے اسے بے ہوش کر دیا، طاہر محمود نے کہا ’’جب میں ہوش میں آیا تو ناظم آباد میں موجود تھا، میرا موبائل فون، شناختی کارڈ اور دیگر چیزیں غائب تھیں، میں پیدل شاہ فیصل اپنے گھر آیا، تو بیوی اور سالے نے مجھے اسپتال منتقل کیا، صبح میرے والدین اور کزن بھی آ گئے، جو مجھے لے کر بیان ریکارڈ کرانے شاہ فیصل تھانے آئے۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز طاہر محمود کی دوسری بیوی نے اس کے سی ویو دو دریا میں ڈوب کر خود کشی کی اطلاع دی تھی، پولیس کو طاہر محمود کی ٹیکسی بھی ساحل سے مل گئی تھی، اس سلسلے میں پولیس نے جامع تحقیقات شروع کر دی ہے، پولیس نے طاہر محمود کی دوسری بیوی اور سالے کو بھی شاہ فیصل تھانے میں طلب کر کے پوچھ گچھ کی۔

میں خود کشی کر رہا ہوں تم سب خوش رہو، آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کی دوسری بیوی کو آخری کال

Comments

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں